کووڈ۔19 کا ٹیسٹ دوسری مرتبہ منفی آنے پر چھ کرکٹر وورسٹر میں سکواڈ کو جوائن کرنے کے اہل ہوگئے

اسلام آباد ۔ 30 جون (اے پی پی) کووڈ۔19 کا ٹیسٹ دوسری مرتبہ منفی آنے پر چھ کرکٹرز وورسٹر میں سکواڈ کو جوائن کرنے کے اہل ہوگئے ہیں جن میں فخر زمان، محمد حسنین، محمد حفیظ، محمد رضوان، شاداب خان اور وہاب ریاض شامل ہیں، ان کھلاڑیوں کے 3 روز میں کووڈ۔19 کے 2 ٹیسٹ منفی آگئے ہیں۔ یہ تمام کھلاڑی اب وورسٹر شائر میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کو جوائن کرنے کے اہل ہیں۔ ان کھلاڑیوں کی ری ٹیسٹنگ گذشتہ روز پیر کو ہوئی تھی۔ اس سے قبل 26 جون کو ہونے والی ٹیسٹنگ میں بھی ان 6 کھلاڑیوں کے کووڈ۔19 ٹیسٹ منفی آئے تھے۔ پی سی بی اب ان کھلاڑیوں کے سفر کے انتظامات کا آغاز کر رہا ہے اور اس حوالے سے روانگی کی تفصیلات جلد جاری کر دی جائیں گی۔