اپنے سیاسی مخالفین کو جواب حلقے میں ہونے والے ترقیاتی کاموں سے دوں گی،زرتاج گل

اسلام آباد ۔ 12جون (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ اپنے سیاسی مخالفین کو جواب حلقے میں ہونے والے ترقیاتی کاموں سے دوں گی، عوام کی فلاح و بہبود مقدم ہے،چند ملازموں کے ذریعے مجھ پر پتھراؤ کرانے اور نعرے مارنے سے ڈیرہ غازی خان میں ترقیاتی کام نہیں رک سکتے، اگر حملہ سابق وفاقی وزیر سردار اویس لغاری نے نہیں کرایا تو وہ اس کی کھل کر مذمت کریں۔ ٹویٹر پر جاری بیان میں زرتاج گل نے کہا کہ چند ملازموں کے ذریعے میرے پر پتھراؤ کرانے اور نعرے مارنے سے ڈیرہ غازی خان میں ترقیاتی کام نہیں رک سکتے یہ میرے مخالفوں کی غلط فہمی ہے۔ اگر حملہ اویس لغاری نے نہیں کرایا تو وہ اس کی کھل کر مذمت کریں۔انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ملوث افراد کی گاڑی پر مسترد شدہ سیاسی پارٹی کا نشان واضح ہے۔ ہمارا کام بدمعاشی کرنا نہیں بلکہ برداشت، صبر دکھانا ہے۔بدمعاشی کرنا ان سرداروں کا کام ہے جن کو میں نے ہرایا ہے۔ زرتاج گل نے کہا کہ فورٹ منرو میں سردار اویس لغاری، سردار جمال لغاری کا نام لے کر ان کے ٹائوٹس نے حملہ کیا۔ہم انکی زیادتی کا جواب ترقیاتی کاموں سے دیں گے کیونکہ ہمیں عوام کی فلاح و بہبود مقدم ہے۔