سٹیٹ بنک سکیم کے تحت12,31,824 ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم

اسلام آباد ۔ 30جولائی (اے پی پی) کورونا وائرس کی وبا کے دوران روزگارکے تحفظ کیلئے سٹیٹ بنک کی سکیم کے تحت اب تک 12لاکھ ، 31ہزار ،824 ملازمین کے روزگار کو تحفظ فراہم کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بنک نے کورونا وائرس کی وبا کی روک تھام کے لئے لاک ڈاﺅن کے باعث پیدا ہونے والی معاشی مشکلات اور بے روزگاری روکنے کے لیے یہ سکیم متعارف کرائی ہے، سکیم کے تحت کاروباری ادارے مستقل، کنٹریکٹ اور دیہاڑی دار سمیت ہر قسم کے ملازمین وآوٹ سورس کارکنان کو تنخواہوں کی ادائیگی کے لیے سستے قرضے حاصل کر سکتے ہیں۔ سکیم کے تحت ابتدائی طوپر اپریل 2020ءسے جون 2020ءکے دوران اپنے ملازمین کو برطرف نہ کرنے والے ادارے ملازمین کی تین ماہ کی تنخواہوں کے لیے 5 فیصد شرح سود پر قرض حاصل کرسکتے ہیں جس میں بعد میں ستمبرتک توسیع کردی گئی، فعال ٹیکس گزاروں کی فہرست میں شامل ادارے 4 فیصد کی شرح پر قرضہ لے سکیں گے۔ سکیم میں ان چھوٹے کاروباری اداروں کو ترجیح دی جارہی ہے جن کاروباری اداروں کی تین ماہ کی اجرتوں اور تنخواہوں کا خرچ 20 کروڑ روپے تک ہے وہ اس پوری رقم کی فنانسنگ حاصل کرسکیں گے۔ سٹیٹ بنک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق 10 جولائی تک اس سکیم کے تحت 2724 کاروباری اداروں اورکمپنیوں نے14 لاکھ،51 ہزار،771 ملازمین کے روزگارکے تحفظ کیلئے ایک کھرب52 ارب 79 کروڑ روپے سے زائد کے قرضہ کیلئے درخواستیں دائر کیں۔ اعدادوشمارکے مطابق سٹیٹ بنک نے ان میں سے 2068 اداروں اورکمپنیوں کی جانب سے ایک کھرب، 25 ارب 96کروڑ،10 لاکھ روپے تک کے قرضہ درخواستوں کی منظوری دی اور یوں 12لاکھ ، 31 ہزار ،824 ملازمین کے روزگارکو تحفظ فراہم کیا گیا۔