صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی ٹیلی نار پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان وہاب خان سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 7 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ معاشرے کے خوشحال طبقات حکومت کی ریلیف دینے کی کوششوں میں ساتھ دیں اور کورونا وائرس کی وباءسے متاثرہ غریب خاندانوں کی مدد کریں۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ٹیلی نار پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عرفان وہاب خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ عرفان وہاب نے ملک میں کورونا کی وباءکے خلاف پاکستان ہلال احمر سوسائٹی کے امدادی کاموں میں معاونت کے لئے 6 کروڑ 10 لاکھ روپے کا عطیہ پیش کیا۔ انہوں نے صدر مملکت کو بتایا کہ ٹیلی نار پاکستان 9 اضلاع میں 4500 غریب خاندانوں کو راشن اور 11 اضلاع میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو کورونا سے بچاﺅ کے لئے حفاظتی سامان کی فراہمی میں پاکستان ہلال احمر سوسائٹی کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے غریب خاندانوں کی امداد اور پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے امدادی کاموں میں معاونت فراہم کرنے پر ٹیلی نار کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی وباءسے ملک میں بہت سے معاشی اور سماجی مسائل پیدا ہوئے ہیں جن پر معاشرے کے تمام طبقات کی مشترکہ کوششوں سے قابو پایا جا سکتا ہے۔