صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کیپٹن کرنل شیر خان شہید اور لالک جان شہید نشان حیدر سمیت شہدائے کارگل کے یوم شہادت پر خراج عقیدت

اسلام آباد ۔ 7 جولائی (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے شہدائے کارگل کے21 ویں یوم شہادت پر کیپٹن کرنل شیر خان شہید اور لالک جان شہید نشان حیدر سمیت تمام شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادر وطن کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کرنے والے سپوتوں کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ منگل کو اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ آج کا دن اپنے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے اور یاد کرنے کا دن ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ وطن پر قربان ہونے والے یہ عظیم فرزندان جرات و شجاعت کی روشن مثالیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے بہادر بیٹوں کو سلام پیش کرتی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اﷲ تعالی شہدا کے درجات بلند فرمائے۔