ملک میں کووڈ۔19 کی صورتحال کے باوجود چین پاکستان اقتصادی راہداری میگا پراجیکٹ پر بھرپورکام جاری ہے، وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور چیئر مین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ کا تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات اور چیئر مین سی پیک لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ ملک میں کووڈ۔19 کی موجودہ صورتحال کے باوجود چین پاکستان اقتصادی راہداری میگا پراجیکٹ پر بھرپورکام جاری ہے، مستقبل قریب میں سی پیک کے تحت مزید منصوبوں پر دستخط ہوں گے۔ پیر کو آزاد پتن ہائیڈل پاور پراجیکٹ پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ سے نہ صرف 701میگا واٹ کلین اور کم لاگت بجلی حاصل ہوگی بلکہ اس سے 1.5 ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی ترغیب ملے گی، علاوہ ازیں ملک میں تین ہزار سے زائد افراد کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 10دنوں میں 4 ارب ڈالرکی سرمایہ کاری اور 1800میگا واٹ سستی بجلی کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈل منصوبوں سے 8 ہزار سے زائد افراد کو روزگار ملے گا ۔عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق مہنگا درآمدی تیل استعمال کرنے کی بجائے ملک میں سستی اور ماحول دوست بجلی کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پر بھاری قرضوں کا بوجھ پڑنے کی بجائے نئے پراجیکٹس سے اربوں ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ہوگی۔