وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے پمز میں بیت المال کے جدید سافٹ ویئرسسٹم کا افتتاح کیا، سسٹم کو مرحلہ وار ملک بھر کے ہسپتالوں تک پھیلایا جائے گا مریضوں کو علاج کیلئے امدادی رقوم کمپیوٹرائزڈ طریقے سے تیز تر اور شفاف انداز میں فراہم کی جا سکیں گی

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے پمز میں بیت المال کے جدید سافٹ ویئرسسٹم کا افتتاح کر دیا۔ پاکستان بیت المال اور وزارت صحت کے بڑے اقدام کے تحت مریضوں اور مستحق افراد کی امداد کو شفاف اور تیز رفتار بنانے کیلئے جدید سسٹم متعارف کرا دیا گیا۔ پمز میں بیت المال اور وزارت صحت کے اشتراک سے شروع کئے گئے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت وعدے کے مطابق پسماندہ طبقات کی فلاح کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، یہی ریاست مدینہ کی حقیقی شکل ہے جہاں وسائل کا رخ ضرورت مندوں کی جانب موڑا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب اور ضرورت مند مریضوں کے علاج کیلئے مالی امداد کی فراہمی کو جدید خطور پر استوار کیا جا رہا ہے، تمام مراحل کوشفاف بنانے کیلئے بیت المال نے وزارت صحت کے اشتراک سے جدید مینجمنٹ سسٹم متعارف کرایا ہے۔ سافٹ ویئر کے ذریعے مریضوں کو علاج کیلئے امدادی رقوم کمپیوٹرائزڈ طریقے سے تیز تر اور شفاف انداز میں فراہم کی جا سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی مرحلہ میں اس سافٹ ویئر کو پمز اسلام آباد سے منسلک کیا گیا ہے جسے مرحلہ وار ملک بھر کے ہسپتالوں تک پھیلایا جائے گا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ پاکستان بیت المال غربا اور پسماندہ طبقہ کی خدمت اور ان کی ضروریات پوری کرنے کیلئے بڑا اور اہم ادارہ ہے، انفرادی مالی امداد پاکستان بیت المال کی سماجی تحفظ کیلئے ایک بڑی سکیم ہے جس کے تحت مستحق افراد کو زندگی کی مشکلات سے نکالنے کیلئے براہ راست امداد دی جاتی ہے۔