وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا فلمی صنعت سے وابستہ فنکاروں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں اظہارخیال

اسلام آباد ۔ 6 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ فنکاروں کو ان کے کام کی رائلٹی ملنا ان کا حق ہے، کاپی رائٹس کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے، فلم ٹاسک فورس کا قیام جلد از جلد عمل میں لایا جائے گا جس میں حکومتی عہدیداروں کے ساتھ ساتھ فلم انڈسٹر ی سے وابستہ ناموں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو فلمی صنعت سے وابستہ فنکاروں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری اطلاعات اکبر درانی، ڈائریکٹر جنرل الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلیکیشنز عمرانہ وزیر، چیئرمین سنٹرل فلم سنسر بورڈ دانیال گیلانی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں فلمی صنعت کو درپیش مسائل اور ان کے مجوزہ حل زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہمارے فنکار ہماری شناخت اور قومی اثاثہ ہیں، ملکی ثقافت کے فروغ اور قومی تشخص کو پروان چڑھانے میں ان کا کلیدی کردار ہے، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت فنکاروں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تخلیقی سوچ کی حوصلہ افزائی معاشرے کے نمو کیلئے ضروری ہے۔ فنکاروں کو ان کے کام کی رائلٹی ملنا ان کا حق ہے،کاپی رائٹس کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔ سینیٹر شبلی فرازنے کہاکہ فلم ٹاسک فورس ملک میں فلم انڈسٹر ی کے فروغ اور اس سے متعلقہ مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ فلم پالیسی اور آرٹسٹ ویلفیئر فنڈ کے متعلق سیکرٹری اطلاعات اکبر درانی نے تمام شرکاءکو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ سیکرٹری اطلاعات اکبر درانی نے کہا کہ فلم پالیسی کو اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر بنایا گیا تھا،اس میں مزید بہتری کیلئے تجاویز کا خیرمقدم کریں گے۔ وزارت اطلاعات ملک بھر کے آرٹسٹوں کا ڈیٹا بیس تشکیل دے رہی ہے جو ان کی مالی امداد کیلئے معاون ثابت ہو گا۔