چینی صدر کی اپنے روسی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ

بیجنگ۔ 9 جولائی (اے پی پی) چینی صدر شی جن پنگ نے اپنے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کی۔چینی ریڈیو کے مطابق گفتگو کے دوران شی جن پنگ نے زور دیا کہ فریقین کوسٹریٹجک برادرانہ شراکت دار کی حیثیت سے مزید قریبی سٹریٹجک روابط اور تعاون کو فروغ دینا چاہیے،چین روس کے ساتھ باہمی حمایت جاری رکھنے پر آمادہ ہے اور غیرملکی مداخلت کی بھرپور مخالفت کرے گا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوںکو ہائی ٹیک،ویکسین و ادویات کی تحقیق اور بائیو سیفٹی کے شعبہ جات میں تعاون کو فروغ دینا چاہیئے، چین روس کے ساتھ کثیرالجہتی کا تحفظ کرے گا اور بالادستی اور یکطرفہ پسندی کی مخالفت کرے گا۔اس دوران صدر پیوٹن نے کہا کہ روس ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقے میں قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے چین کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے اور چین کے اقتدار اعلی کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی اشتعال انگیز سرگرمی کی مخالفت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ روس چین کے ساتھ مختلف شعبہ جات میں تعاون کے فروغ ، شنگھائی تعاون تنظیم اور اقوام متحدہ سمیت دیگر فریم ورکس کے تحت سٹریٹجک روابط اور ہم آہنگی کی مضبوطی کا خواہاں ہے تاکہ عالمی سٹریٹجک استحکام اور سکیورٹی کا تحفظ کیا جا سکے۔