کراچی ہمارا ہے اورکراچی کے بغیر پاکستان نہیں، قومی اسمبلی میں کے الیکٹرک پر بحث کے دوران اسد عمر کا خطاب

اسلام آباد ۔ 9 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی، ترقی واصلاحات اسد عمر نے کہا ہے کہ کراچی ہمارا ہے اور کراچی کے بغیر پاکستان نہیں ہے، کراچی میں بجلی اوردیگرمسائل کے حل کیلیے وفاقی حکومت ہنگامی بنیادوں پراقدامات کررہی ہے۔ جمعرات کوقومی اسمبلی میں کراچی میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ اورکے الیکٹرک کے امورسے متعلق توجہ مبذول نوٹس پرطویل بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ایوان میں الفاظ کا چنائو مناسب ہونا چاہیے۔میری سندھ حکومت سے درخواست ہے کہ اسلم خان کے گھر پر فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہاکہ کے الیکٹرک کی نجکاری مسلم لیگ (ق) کے دور میں ہوئی، پانچ سال پیپلز پارٹی کی حکومت رہی اور پیپلز پارٹی کے وزیر بجلی راجہ پرویز اشرف جو اس ایوان میں موجود ہیں انہوں نے کے الیکٹرک میں مجرمانہ کارروائیوں کوکیوں نہ پکڑا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے وزیر بجلی خواجہ آصف بھی یہاں ہیں، انہوں نے ایکشن کیوں نہیں لیا۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں بجلی کی ضرورت بڑھتی گئی لیکن حکومتوں نے کوئی قدم نہیں اٹھایا، پورے پاکستان میں بجلی کے کارخانے بڑھتے چلے گئے لیکن کراچی کا نظام ان کارخانوں سے بجلی حاصل نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہاکہ پی پی پی کے وزیر نے کہا تھا کہ کراچی میرا مسئلہ نہیں ہے، جو کام پیپلز پارٹی اورمسلم لیگ ن نے نہیں کیا ہے وہ کام اب ہو رہا ہے،کراچی میں بجلی کے مسئلہ کے مستقل حل کیلیے کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے ہنگامی اجلاس کیا، ہنگامی بنیادوں پر معاہدے کیے جارہے ہیں، ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نظام کو ریکارڈ وقت میں بہتر کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم کہتے ہیں کہ کراچی ہمارا ہے اور کراچی کے بغیر پاکستان نہیں ہے۔