کنٹرول لائن کے ساتھ گلگت بلتستان میں پاکستانی فوجیوں کی اضافی تعیناتی، چین کی طرف سے سکردو ایئر بیس کے مبینہ استعمال سے متعلق بھارتی میڈیا کی خبریں جھوٹ، غیر ذمہ دارانہ اور حقیقت کے برعکس ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

راولپنڈی ۔ 2 جولائی (اے پی پی) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن کے ساتھ گلگت بلتستان میں پاکستانی فوجیوں کی اضافی تعیناتی اور چین کی طرف سے سکردو ایئر بیس کے مبینہ استعمال سے متعلق بھارت کے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کی خبریں جھوٹ پر مبنی، غیر ذمہ دارانہ اور حقیقت کے برعکس ہیں۔ جمعرات کو اپنے ٹویٹ میں ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے کہا کہ اس طرح کی کوئی نقل و حرکت یا اضافی افواج کی تعیناتی عمل میں نہیں لائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں چین کے فوجیوں کی موجودگی کی بھی واضح انداز میں تردید کرتے ہیں۔