کیریبین پریمیئر لیگ کا آٹھواں ایڈیشن 18 اگست سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہوگا

کنگسٹن ۔ 23 جولائی (اے پی پی) رواں سال شیڈول کیریبین پریمیئر لیگ کا آٹھواں ایڈیشن 18 اگست سے ویسٹ انڈیز میں شروع ہوگا جس میں دنیائے کرکٹ کے مختلف ممالک کے نامور کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ تفصیلات کے مطابق کیریبین پریمیر لیگ (سی پی ایل) ٹی 20 لیگ ہے جو ویسٹ انڈیز میں ڈومیسٹک ٹی 20 کرکٹ لیگ کے طور پر کھیلی جاتی ہے۔ یہ کیریبین پریمیر لیگ کا آٹھویں سیزن ہوگا جس کے تمام میچز ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو، سینٹ کٹس اینڈ نیوس، گیانا، بارباڈوس، جمیکا اور سینٹ لوسیا چھ مختلف مقامات پر کھیلے جانے تھے تاہم کووڈ۔19 وبائی بیماری کے سبب جون میں ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو دو مقامات پر تمام میچ کھیلنے کی درخواست کی گئی تھی اور اب کیریبین پریمیر لیگ کے تمام میچز ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوبیگو کے مقام پر کھیلے جائیںگے۔ کیریبین پریمیر لیگ میں چھ ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے پنجہ آزمائی کریں گی جن میں گیانا ایمیزون واریئرز، ٹرینباگو نائٹ رائیڈرز، سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس، جمیکا تلاواز، بارباڈوس ٹریڈینٹس اور سینٹ لوسیا زوکس شامل ہیں۔ لیگ انتظامیہ کے مطابق لیگ 18 اگست سے شروع ہوکر 10 ستمبر 2020ءکو اختتام پذیر ہوگی۔ مقامی حکومت نے10 جولائی 2020 ءکو لیگ کو 18 اگست سے شروع کرنے کی منظوری دے دی تھی، لیگ کے تمام میچ بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جائیں گے۔ بارباڈوس ٹریڈینٹس کی ٹیم لیگ میں اپنے اعزاز کا دفاع کریگی۔ لیگ میں فائنل سمیت 33 میچز کھیلے جائینگے۔ کیریبین پریمیئر لیگ کا آغاز 2013ءمیں ہوا تھا۔ کیریبین پریمیئر لیگ کی تاریخ میں اب تک سات ایڈیشن کھیلے جاچکے ہیں جن میں ٹرنبیگو نائٹ رائیڈرز کی ٹیم سب سے زیادہ تین مرتبہ ٹائٹل جیت چکی ہے۔ جمیکا اور بارباڈوس کی ٹیمیں دو ،دو مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہے۔