آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا لائن آف کنٹرول کا دورہ، عید اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں اور افسروں کے ساتھ منائی

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے عیدالاضحی پر لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کیا اور عید اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں اور افسروں کے ساتھ منائی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف نے ایل او سی کے کھوئی رٹہ سیکٹر کا دورہ کیا اور وہاں تعینات افسروں اور جوانوں کے ساتھ عید کا دن گزارا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمارا دشمن پاکستان اور خطہ کو عدم استحکام کا شکار کرنا چاہتا ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت موجود ہے، ہم اپنے دشمن کے عزائم سے بخوبی آگاہ ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فوجی جوانوں کے حوصلے اور عزم کوسراہا۔ آرمی چیف نے کنٹرول لائن پر آپریشنل تیاریوں اور مسلسل مو¿ثر نگرانی پر جوانوں کو سراہا۔ آرمی چیف نے کہا کہ عیدالاضحی غیر مشروط قربانی کا مظہر ہے، قربانی کے جذبہ کو فوجی جوان سے بہتر کوئی نہیں جان سکتا۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ کشمیری تمام مشکلات کے باوجود استصواب رائے کے حق پر ڈٹے ہوئے ہیں، کشمیری جرا¿ت و بہادری سے بھارتی ظلم اور تشدد کا سامنا کر رہے ہیں۔ کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔ آرمی چیف نے این آئی سی، این آئی ایچ ڈی کا بھی دورہ کیا۔