ترک صدر رجب طیب اردوان کا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلیفون، عیدالاضحی کی مبارکباد دی

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے ہفتہ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ٹیلی فون پربات چیت کی اور عیدالاضحی کے مبارک موقع پرانہیں مبارکباد پیش کی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بھی ترک صدر اردوان کو عید کی مبارکباد دی اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ ترک صدر سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرعارف علوی نے کہاکہ اس سال عیدالاضحی مشکل حالات میں منائی جا رہی ہے اور دنیا کو کئی چیلنجز درپیش ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ کوویڈ 19 نے عالمی معیشت کو بری طرح سے متاثر کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان سمیت متعدد ممالک کو کوویڈ 19 کے خلاف جنگ میں معاونت فراہم کرنے پر ترکی کے رہنما کے کردار کی تعریف کی۔بات چیت میں دونوں رہنماﺅں نے کہاکہ پا کستان اور ترکی میں کورونا کے کیسز کی تعداد میں کمی خوش آئند ہے۔ صدر عارف علوی نے غیرقانونی طورپربھارت کے زیرتسلط جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار پر روشنی ڈالی اورکہاکہ بھارتی مسلمان خوف اور امتیازی سلوک کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں،صدر عارف علوی نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں صدر اردوان کے کشمیر پر پرزور اور واضح موقف پر ا±ن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے اس امیدکااظہارکیا کہ ترکی کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اور یک طرفہ اقدامات کے ایک سال مکمل ہونے پر اپنی اصولی آواز اٹھائے گا ۔صدرنے کہاکہ مشکل حالات میں بھی قابض حکومتیں فلسطین اور کشمیر میں اپنا ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ترکی کے صدر نے ڈاکٹر عارف علوی کو کورونا وبا کے خاتمے پر ترکی کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔صدرنے کہاکہ پاکستان ترکی کے ملکی مفادات پر مستقل حمایت اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پالیسی جاری رکھے گا۔انہوںنے صدر اردوان کو آیا صوفیہ کو نماز کیلئے دوبارہ کھولنے پر مبارکباد بھی دی۔