ترک صدر رجب طیب اردگان کا وزیراعظم عمران خان کوٹیلی فون، دونوں رہنماﺅں کی ایک دوسرے کو عیدالاضحی کی مبارکباد اور دونوں ممالک کے عوام کیلئے نیک تمناﺅں کااظہار

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے ساتھ تمام شعبوں میں تعلقات اورقریبی تعاون کومزید فروغ دینے کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے کوویڈ 19 کے خلاف عالمی مہم میں کردار اور پاکستان سمیت کئی ممالک کو امداد دینے پرترکی کی تعریف کی ہے۔ انہوںنے یہ بات ہفتہ کی شب ترکی کے صدر رجب طیب اردگان سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ترکی کے صدرنے عیدالاضحی کے پرمسرت موقع پر وزیراعظم عمران خان کوٹیلی فون کیا ۔ دونوں رہنماﺅں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحی کی مبارکباد دی اوردونوں ممالک کے عوام کیلئے نیک تمناوں کااظہارکیا ۔وزیراعظم نے آیا صوفیہ کو نمازکیلئے دوبارہ کھولنے پرصدراردگان کومبارکباد دی اورترکی کے صدرکو بتایا کہ لاکھوں پاکستانیوں نے ٹیلی ویژن پر یہ منظربراہ راست دیکھا ہے۔بات چیت میں دونوں رہنماوں نے مختلف امورپرتبادلہ خیال کیا۔ دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے سٹریٹجک تعان کونسل کے چھٹے اجلاس کے موقع پر ترکی کے صدرطیب اردوان کے دورہ پاکستان کاحوالہ دیتے ہوئے وزیراعظم نے ترکی کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کوویڈ19 کے خلاف عالمی مہم میں کرداراورپاکستان سمیت کئی ممالک کو امداددینے پرترکی کی تعریف کی۔ انہوںنے ترکی کے صدرکو کوروناوائرس کے پھیلاﺅ کوروکنے کیلئے پاکستان کی حکومت کی حکمت عملی بالخصوص زندگیوں اوررروزگارکے تحفظ اورمعیشت کو معاونت فراہم کرنے سے متعلق اقدامات سے آگاہ کیا۔دونوں رہنماوں نے ادوایات سازی میں ترقی کیلئے مشترکہ طورپرکام کرنے کے امکانات کابھی جائزہ لیا۔پاکستان اورترکی کے درمیان باہمی اعتماد، ہم آہنگی اورقریبی تعلقات کی بنیادپرمنفرد نوعیت کے سٹریٹجک تعلقات قائم ہیں،پاکستان کشمیرکازکیلئے ترکی کی ثابت قدم حمایت پرترکی کوسراہتا ہے۔فروری 2020ءمیں پارلیمان کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران صدررجب طیب اردوان نے ترکی کے اس موقف کا اعادہ کیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان اورترکی کے صدررجب طیب اردوان نے باہمی دلچسپی کے تمام ایشوزپرقریبی رابطہ رکھنے پراتقاق کیا۔