صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا عیدالاضحی کے موقع پر قوم اور عالم ِاسلام کو تہنیتی پیغام

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عیدالاضحی کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم ِاسلام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ خوشی کا یہ موقع ہمارے زندگی میں ڈھیروں مسرتیں اور کامرانیاں لے کر آئے گا، قربانی کے جذبہ سے سرشار ہو کر غریبوں اور ضرورت مندوں کی بڑھ چڑھ کر مدد کی جائے، عوام کورونا وائرس سے بچاو¿ کی احتیاطی تدابیر کو ہرگز نظر انداز نہ کریں۔ ہفتہ کو عیدالاضحی کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ نے اپنے برگزیدہ بندوں کو مختلف امتحانات میں ڈال کر آزمایا، یہ بزرگ ہستیاں ان امتحانات میں پوری طرح سرخرو ہوئیں، آزمائش اور امتحان کی صورتحال میں ثابت ِقدم رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مقصد کے حصول میں ہر قسم کی قربانی کے لئے تیار رہنا ہی کامیابی کی کنجی ہے، اس وقت کورونا وائرس کی وجہ سے ساری دنیا پریشان ہے۔ صدر عارف علوی نے کہا کہ تمام انسانیت کسی نہ کسی طرح اس وباءسے متاثر ہوئی ہے، اس وباءنے معاشی طور پر ساری دنیا کو بڑے نقصان سے دوچار کیا ہے، بڑی بڑی طاقتور حکومتیں اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مشکلات سے دوچار ہیں، صحیح بخاری کی حدیث کے مطابق قحط سالی کے دور میں حضرت محمد (خاتم النبین) نے تین دن کی ضرورت سے زائد گوشت جمع کرنے سے منع فرمایا۔ انہوں نے کہا کہ اپنے اردگرد ضرورت مند اور نادار افراد کو تلاش کرکے ان تک قربانی کا کچھ حصہ ضرور پہنچائیں، عوام کورونا وائرس سے بچاو¿ کی تدابیر کو ہر گز نظر انداز نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر دعا کریں کہ وہ ہمیں اس وباءکی ہولناکیوں سے محفوظ و مامون فرمائے۔