وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی عید الضحٰی کے موقع پر قوم کو مبارک باد

اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے عید الضحٰی کے پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث یہ عید بڑی آزمائش والی عید ہے۔ ہم سب نے مل کر بحیثیت قوم اس عفریت کو شکست دینی ہے۔ الحمدللہ میں اس مرض کو شکست دے چکا ہوں ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ آپ دیکھ رہے ہیں کہ کورونا وائرس کا انفیکشن ریٹ کافی حد تک گر چکا ہے، ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد تیزی سے کم ہو رہی ہے۔ میری پوری قوم سے درخواست ہے کہ ہم نے غفلت نہیں برتنی ۔ ہم نے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا۔ ہم نے عیدالاضحیٰ کے دوران بھی اور اس کے بعد بھی ایس او پیز کو ملحوظ خاطر رکھنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کا مہینہ آ رہا ہے۔ عزاداری کا سب احترام کرتے ہیں لیکن ہمیں احتیاطی تقاضوں کو بھی پورا کرنا ہے تاکہ ہم اس صورت حال سے باہر نکل سکیں۔ ان شاء اللہ پاکستانی قوم اس آزمائش سے بھی سرخرو ہو گی ۔ میری طرف سے تمام اہل وطن اور دنیا بھر میں بسنے والے مسلمانوں کو عیدالاضحٰی مبارک ہو۔