چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر مصطفی سینتوپ کو ٹیلی فون،عید کی مبارکباد دی

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی اور ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر مصطفی سینتوپ نے ٹیلی فون پر دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔ اتوار کو سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق دونوں رہنماﺅں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی۔ چئیرمین سینٹ نے کہا کہ وہ آیا صوفیہ کو میوزیم سے مسجد میں تبدیل کرنے پر ترک حکومت اور قیادت کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان۔ترکی تعلقات، بین الپارلیمانی تعلقات،عوامی سطح پر روابط کو مزید فروغ دیں گے، امن ، ترقی، اقتصادی خوشحالی ہمارا مشترکہ ایجنڈا ہے، پاکستان خطے اور علاقائی سطح پر امن کا خواہاں ہے، خطے میں ترقی اور خوشحالی کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنازعات کا مذاکرات اور پرامن حل ترقی کے عمل کو آگے لے جانے میں مددگار ثابت ہو گا، موجودہ حالات میں پارلیمانوں پر بھاری ذمہ داری آ گئی ہے، کورو نا وائرس کے باعث عالمی سطح پر رابطہ کاری اور معاونت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، کورونا وائرس نے نئے چیلنجز پیدا کر دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی اور علاقائی سطح پر مثالی تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے، ترکی نے ہمیشہ پاکستان کے نقطہ نظر کو سراہا ہے اور ساتھ دیا ہے۔ چئرمین سینیٹ۔ دونوں رہنماﺅں نے علاقائی ترقی و خوشحالی کے لئے کوششیں مزید تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔