ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل کا عیدالاضحی کے موقع پر پیغام

کوئٹہ۔یکم اگست ( اے پی پی )ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل نے عیدالاضحی کے موقع پر اہل اسلام اور پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے اس پرمسرت موقع پر اپنے تہنیتی پیغام میں کہا ہے کہ عیدالاضحی کا مذہبی تہوار حضرت ابراہیمی کی اس عظیم قربانی کی تقلید کے طو رپر منایا جاتا ہے جو انہوں نے اللہ تعالیٰ کی رضا اور خوشنودی کے حصول کیلئے دی،انہوں نے کہا کہ خلق خدا کی خدمت، نادار، بے سہارااوریتیموں کو اپنی خوشیوں میں شریک کرنا ہی عید کا اصل پیغام ہے اور معاشرے کے پسے ہوئے طبقات، مفلس اور محروم معیشت افراد طبقات کو اپنی خوشیوں میں شامل کرنا ہی عید کا فلسفہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عید کے دن کا تقاضا ہے کہ باہمی رنجشوں اور اختلافات کو بھلا کر اخوت و محبت کے جذبات کو فروغ دیا جائے۔آج کا دن اپنی ذات کی نفی ، ذاتی انا او رمفادات کی قربانی دیکر ایثار ، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے سے سرشار ہوکر ملک کی ترقی کیلئے کام کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی سردار بابر خان موسیٰ خیل نے کہا کہ قربانی کا عمل صرف جانوروں کی قربانی تک محدود نہیں بلکہ دکھی انسانیت کے دکھوں کا مداواکرنا، مظلوموں کی مدد، خلق خدا کی بے لوث خدمت اور انہیں خوشی کے لمحات میں شریک کرنا ہی اصل قربانی ہے ہمیں عید کے موقع پر مسائل میں گھرے اپنے بہن بھائیوں کو ہر گز نہیں بھولنا چاہیے اور انہیں اپنی خوشیوں میں شامل کر کے اپنا مذہبی اور اخلاقی فریضہ اداکرنا چاہیئے۔ عید کی خوشی کے موقع پر ایسے غریب اور پسے ہوئے طبقات ہماری توجہ کے منتظر ہوتے ہیں۔