آئندہ 2 ماہ میں کامیاب جوان پروگرام کے یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم کے تحت کامیاب درخواست دہندگان کو آسان شرائط پر 5 ارب روپے سے زائد کا قرضہ دیا جائے گا،معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار کا ”کامیاب جوان پروگرام” کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب

اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ آئندہ 2 ماہ میں کامیاب جوان پروگرام کے یوتھ انٹرپرینیورشپ سکیم کے تحت کامیاب درخواست دہندگان کو آسان شرائط پر 5 ارب روپے سے زائد کا قرضہ دیا جائے گا، پانچ لاکھ نوجوانوں کو پانچ سال کے دوران تکنیکی تعلیم اور پیشہ وارانہ ہنر کے مواقع فراہم کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو یہاں ”کامیاب جوان پروگرام” کے حوالے سے منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہا کہ ملک میں کورونا وبا میں کمی کے بعد قرضوں کی تقسیم کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس سے پہلے اس سکیم کے تحت نوجوان کاروباری افراد میں 1.3 ارب روپے کی رقم تقسیم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات اچھی بات ہے کہ کم از کم ایک ہزار خواتین نے اس پروگرام کے تحت اپنا کاروبار شروع کیا ہے کیونکہ خواتین کی شمولیت تک ”کامیاب جوان پروگرام” کامیاب ہی نہیں ہو گا، خواتین اس پروگرام سے مستفید ہوں، حکومت نے 25 ارب روپے خواتین کیلئے مختص کئے ہیں، عوام کا پیسہ ہے کوئی سیاسی بندر بانٹ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے پہلے مرحلے میں 10 لاکھ نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس میں تعلیم، شمولیت اور روزگار سمیت تین ای ایس شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام میں ٹیکنیکل ایجوکیشن بھی ہے۔ ہنرمند پاکستان (ہنرمند سب کے لئے) کے تحت 450 تکنیکی اور پیشہ ورانہ اداروں میں تقریباً 37 ہزار نوجوان تکنیکی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ روایتی تربیت کے ساتھ ساتھ ملک میں پہلی بار نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت، روبوٹکس، آٹومیشن جیسی ہائی ٹیک ٹیکنالوجیز کی تربیت بھی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی یہ واضح ہدایات ہیں کہ نوجوانوں کو بہتر مہارت سے آراستہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان سماجی سرگرمیوںمیں گہری دلچسپی لے رہے ہیں اور وزیر اعظم کی کورونا ٹائیگر فورس میں ان کی بھرپور دلچسپی اس حقیقت کا حقیقی مظہر ہے۔ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے ساتھ مل کر انٹرن شپ پروگرام لا رہے ہیں، پاکستان کے نوجوانوں کو پڑھائی کے دوران انٹرن شپ کا موقع ملے گا۔معاون خصوصی نے کہا کہ نوجوانوں کو قرض کے حصول کیلئے www.kamyabjawan.gov.pk پر درخواست دینی چاہئے تاکہ وہ اپنی کاروباری صلاحیتوں کو بروئے کار لا سکیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رکن فردیہ راشد نے خواتین کے لئے ملازمت کے مواقع پیدا کرنے پر موجودہ حکومت کی تعریف کی۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خواتین کے لئے اقدامات کرنے کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کا پہلا وزیر اعظم ہے جس نے حقیقی جذبے کے ساتھ خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت کو محسوس کیا ہے۔ اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی بانی خاتون رہنما ثمینہ فاضل نے حکومت پر زور دیا کہ وہ خواتین میں دستکاری کے کاروبار کو فروغ دینے کے لئے اسلام آباد میں ڈسپلے سینٹر قائم کرے۔ انہوں نے تکنیکی نصاب کو قومی نصاب کا مستقل حصہ بنانے پر بھی زور دیا۔ تقریب کے دوران عثمان ڈار نے خواتین انٹر پرینیورز میں چیک بھی تقسیم کئے۔