افغانستان کی اعلیٰ سطحی قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کل تین روزہ دورہ پر پاکستان پہنچیں گے

اسلام آباد ۔ 27 ستمبر (اے پی پی) افغانستان کی اعلیٰ سطحی قومی مفاہمتی کونسل (ایچ سی این آر) کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کل پیر کو تین روزہ دورہ پر پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ قومی مفاہمتی کونسل کے اراکین کے علاوہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہو گا۔ قومی مفاہمتی کونسل کے چیئرمین کی حیثیت سے ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے اتوار کو جاری کئے گئے بیان کے مطابق اپنے دورہ کے دوران ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ صدر ڈاکٹر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان سے ملاقاتوں کے ساتھ ساتھ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور قومی اسمبلی کے سپیکر اسد قیصر کے علاوہ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور دیگر حکام سے ملاقات کریں گے۔ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے علاوہ میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے۔ ان کے اس دورہ سے افغانستان میں امن عمل کی کامیابی اور پاکستان اور افغانستان کے باہمی رابطوں کے علاوہ ہمسایہ ممالک کے عوامی رابطوں کے فروغ اور استحکام میں مدد ملے گی۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے جو تاریخ،مذہب، ثقافت، اقدار اور رسم و روایات پر مبنی ہیں۔ پاکستان افغان عوام کی ترقی، خوشحالی اور افغانستان میں امن و امان کی تمام تر کوششوں کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ ڈاکٹر عبداللہ عبداللہ کے دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے قریبی دوستانہ تعلقات کے استحکام میں مدد ملے گی۔