اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اقوام متحدہ ۔ 27 ستمبر (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دنیا کو درپیش عالمی چیلنجز اور مسائل پر لیڈرشپ کا کردار ادا کر رہے ہیں، انہوں نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں اپنے خطاب میں پاکستان کی ترجیحات دنیا کے سامنے پیش کی ہیں اور دنیا کو بتایا کہ چیلنجز پر کیا ایکشن لینے کی ضرورت ہے، مسئلہ کشمیر پر پاکستان کا اصولی موقف ہے اور وزیراعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے بھارتی عزائم بے نقاب کئے ہیں۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب انتہائی اہمیت کا حامل ہے، انہوں نے دنیا کو کوویڈ 19، ماحولیاتی تبدیلیوں، ڈویلپمنٹ اینڈ فنانسنگ سمیت درپیش دیگر چیلنجز کا تذکرہ کیا اور ان سے نمٹنے کیلئے کیا ایکشن لینے چاہییں جامع انداز سے انہیں بیان کیا ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ عالمی برادری کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے خطاب کے حوالے سے مثبت ردعمل آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا پر واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی اصولی پوزیشن ہے، دنیا کشمیر کی حقیقت سے آگاہ ہو چکی ہے اور بھارت کا بیانیہ مٹ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں دنیا کو نہ صرف مقبوضہ وادی میں نہتے اور بے گناہ کشمیریوں پر مسلح بھارتی افواج کے مظالم بلکہ بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سمیت لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں اور بھارت کی جانب سے پاکستان کو دھمکیاں دینے کے بارے آگاہ کیا ہے۔ منیر اکرم نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے دنیا پر واضح کر دیا ہے کہ اگر عالمی برادری نے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا نہ کیا تو اس دیرینہ تنازعہ پر دو ایٹمیں طاقتیںآمنے سامنے آ سکتی ہیں، دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ دنیا کیلئے ایک بڑا خطرہ ہے۔