تمام سٹیک ہولڈرز سیاسی اختلافات کے باوجود کراچی کی ترقی وخوشحالی کیلئے مل جل کر کام کرنے کے لئے پر عزم ہیں،وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر

اسلام آباد ۔ 9 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ تمام سٹیک ہولڈرز سیاسی اختلافات کے باوجود کراچی کی ترقی وخوشحالی کیلئے مل جل کر کام کرنے کے لئے پر عزم ہیں، بدھ کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سٹیک ہولڈرز کے اتفاق رائے سے تجارتی شہر کے لئے 1100 ارب روپے کے تاریخی پیکج کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت، سندھ میں بارش سے متاثرہ شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے ملک کے سب سے بڑے شہر پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔ اسد عمر نے کہا کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے تمام فنڈز وفاق کی زیر نگرانی فراہم کئے جائیں گے اور اگر سندھ حکومت شہر کی ترقی کے لئے اپنے فنڈز فراہم کرنا چاہتی ہے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف پریس کانفرنسز کی بجائے شہر کی ترقی کیلئے کام کریں۔