حزب اختلاف نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اس کے ذاتی مفادات قومی مفاد سے بالاتر ہیں، ڈاکٹر شہباز گل

اسلام آباد ۔ 17ستمبر(اے پی پی) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نیکہا کہ اپوزیشن فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے وابستہ قانون سازی کی حمایت کے بدلے قومی مفاہمت آرڈیننس (این آر او) چاہتی تھی تاہم حکومت احتساب کے عمل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ قانون پاکستان کے لئے ایف اے ٹی ایف کی شرائط کو پورا کرنے کے لئے ضروری تھا لیکن اپوزیشن جماعتوں نے اپنے ذاتی مفادات کے لئے اس قانون سازی کی حمایت نہیں کی۔ انہوں نے کہا وزیر اعظم عمران خان ملک کے ہر کونے سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے پرعزم ہیںاور وہ اپنے مشن میں کامیاب ہوں گے کیونکہ ریاست کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہر سطح سے کرپشن کا خاتمہ ضروری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایف اے ٹی ایف جیسے قومی مفاد کے بل کی منظوری پر اپوزیشن کا رویہ شرمناک ہے۔ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ جو لوگ جمہوریت کے حروف تہجی سے بے خبر ہیں انہیں آج قوم کے سامنے بے نقاب کیا گیا ہے۔ شہباز گل نے کہاکہ حزب اختلاف نے ایک بار پھر یہ ثابت کر دیا ہے کہ اس کے لئے اس کے ذاتی مفادات قومی مفاد سے بالاتر ہیں۔ شہباز گل نے کہا کہ اپوزیشن اپنی ساکھ کھو چکی ہے اور تمام محاذوں پر ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا نا اہل اور کرپٹ لوگ حکومت کی اہلیت پر سوالات کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کرپٹ رہنماؤں کا احتساب شروع کر دیا گیا ہے اور بہت جلد یہ عمل مکمل ہو گا۔