درآمدات کے متبادل کے ذریعے ترقی کرنے میں صابن کی صنعت کی مثال اہم ہے، عبدالرزاق داؤد

اسلام آباد ۔ 27 ستمبر (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر تجارت اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان سوپ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن سے ملاقات ہوئی،صابن کی مصنوعات کی برآمدات افریقہ اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں بڑھانے کی بھی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ اتوار کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ درآمدات کے متبادل کے ذریعے ترقی کرنے میں صابن کی صنعت کی مثال اہم ہے۔ مشیر تجارت نے کہا کہ اس وقت صابن اور سرف کی تیار مصنوعات کی درآمدات بہت کم ہیں،صابن کی صنعت بڑے پیمانے پر کام کر رہی ہے لیکن اس میں برآمدات بہت ہی کم ہیں۔ مشیر تجارت نے کہاکہ وزارت تجارت ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر لاگت کو کم کرکے برآمدات بڑھانے کی حکمت عملی بنائے گی۔صابن کی مصنوعات کی برآمدات افریقہ اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں بڑھانے کی بھی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس حکمت عملی سے ہماری تجارتی پالیسی کے تحت جغرافیائی اور مصنوعات کی تنوع کے مقاصد حاصل ہوں گے۔