سرینا ولیمز یو ایس اوپن ٹینس ویمنز سنگلز سیمی فائنل میں اپ سیٹ شکست کے بعد باہر

نیویارک ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) امریکہ کی بین الاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار، چھ بار کی یو ایس اوپن چیمپئن اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز رواں سال کے دوسرے گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ ویمنز سنگلز کے سیمی فائنل میں اپ سیٹ شکست کے بعد میگا ایونٹ سے باہر ہوگئیں۔ بیلا روس کی وکٹوریہ آزارینکا نے سرینا ولیمز کو سیمی فائنل میں شکست دیکر 2013 کے بعد کسی میگا ایونٹ کا فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔ امریکہ کے شہر نیویارک سٹی میں یو ایس ٹی اے بلی جین کنگ نیشنل ٹینس سینٹر میں کھیلے جارہے میگا ایونٹ کے ویمنز سنگلز سیمی فائنل میچ میں بیلا روس کی وکٹوریہ آزارینکا کا مقابلہ میزبان تھرڈ سیڈ کھلاڑی سرینا ولیمزسے تھا جس میں وکٹوریہ آزارینکا نے سرینا ولیمز کے ہاتھوں پہلے سیٹ میں 1-6 کی شکست کے باوجود اگلے سیدھے سیٹس میں 6-3 اور 6-3 سے انہیں اپ سیٹ شکست دیکر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سیمی فائنل میچ 1 گھنٹے اور 56 منٹس تک جاری رہا۔ اس ناکامی کے بعد 38 سالہ سرینا ولیمز کو آسٹریلین ٹینس سٹار مارگریٹ کورٹ کے 24 ویمنز سنگلز گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ برابرکرنے کے لئے فرنچ اوپن کا انتظار کرنا پڑے گا۔