صنعتی ترقی اور ملازمتیں وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، ینگ انٹرپرینیورز پاکستان کا مستقبل ہیں ،کامیاب جوان پروگرام کے تحت ایک ارب روپے کی خطیر رقم تقسیم کی جاچکی ، پہلے فیز میں 10لاکھ جوانوں کو روزگار دینے میں کامیاب ہوں گے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار کا راولپنڈی چیمبر میں نوجوانوں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

راولپنڈی ۔ 9 ستمبر (اے پی پی) وزیرا عظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجواناں عثمان ڈار نے کہاہے کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ملک بھر میں ایک ارب روپے کی خطیر رقم تقسیم کی جا چکی ہے ، صنعتی ترقی اور ملازمتیں وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے ،کرونا وباء کے باعث گذشتہ کچھ عرصہ میں کامیاب جوان پروگرام پر تیزی سے پیش رفت نہیں ہو سکی تاھم اب اس پر تیزی سے عمل در آمد جاری ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس میں ”کامیاب جوان پروگرام ” کے تحت نوجوانوں میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوںنے کہاکہ ینگ انٹرپرینیورز پاکستان کا مستقبل ہیں ،کاروباری طبقہ ہی بنیادی طور پر ملازمت کے مواقع پیدا کرنے کا ماخذ ہے ،کامیاب جوان پروگرام کا بنیادی مقصد بھی پاکستان میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے ،کامیاب جوان پروگرام کے پہلے فیز میں 10لاکھ جوانوں کو روزگار دینے میں کامیاب ہوں گے ،کامیاب جوان قرضہ مکمل سائنسی اعدادو شمار کے بعد تقسیم کررہے ہیں ، انتہائی آسان شرائط پر کم وسائل کے حامل جوانوں کو قرض کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے ،وزیر اعظم عمران خان نے نوجوانوں کی وسائل تک رسائی آسان تر بنا دی ہے تاکہ یہ جوان اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنے لیے روزگار پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ دوسروں کو روزگار مہیا کرسکیں ،آنے والا وقت ثابت کرے گا کہ کامیاب جوان پروگرام لاکھوں پاکستانی جوانوں کی کامیابی کی سیڑھی بنے گا ، پاکستان کا ایس ایم ای سیکٹر کو ماضی کی حکومتوں نے بری طرح نظر انداز کیا، پاکستان کی 72 سالہ تاریخ میں ایک لاکھ ستر ہزار ایس ایم ای انٹرپرائزز کو تقریبا400روپے کی مالی مدد فراہم کی گئی ، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی حکومت کی ترجیح ہے کہ انڈسٹری کو ترقی دی جائے ، مائیکرو،سمال اور میڈیم انڈسٹری کو معاونت دی جائے ، پاکستان کے لاکھوں جوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی کا سلسلہ بھی جاری ہے ، پاکستان کے پاس تیکنیکی ماہرین کی کمی ہے ، چین ،جاپان ،جرمنی اور بنگلہ دیش نے ملکی وسائل تکنیکی لیبر کو تیار کرنے میں صرف کیے ، نوجوانوں کو 21 ویں صدی کے تقاضوں سے ہم آہنگ پیشہ وارانہ تجارتی استعداد کار سے لیس کرنا وزیر اعظم عمران کا وژن ہے ،ماضی میں نوجوانوں جو ایمرجنگ ٹیکنالوجی سے لیس نہیں کیا گیا ،موجودہ حکومت نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور جدید فنی تعلیم سے آراستہ کرنے کے مشن پر عمل پیرا ہے ،50ہزار نوجوانوں کو پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جارہی ہے ، پاکستانی صنعتوں کو پیشہ وارانہ استعداد کار کی حامل بہترین ورک فورس فراہم کریں گے ،انکیوبیشن سنٹر ز اور سمارٹ لیبس بھی بنائیں گے ،کامیاب جوان پروگرام کے تحت میرٹ پر نوجوانوں میں بلاامتیاز قرضوں کی فراہمی جاری ہے ،یہ عوام کے ٹیکسوں کو پیسہ ہے اور ہمار ی ذمہ داری ہے کہ یہ اہل نوجوانوں تک پہنچے ، یہ پیسہ سیاسی بنیادوں پر تقسیم نہیں کیا جائے گا ۔انہوں نے بتایاکہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت ایک ارب روپے کی خطیر رقم تقسیم کی جا چکی ہے ،راولپنڈی میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت 7کروڑ روپے کے چیک تقسیم کیے گئے ،کامیاب جوان پروگرام کی حد بھی اڑھائی کروڑ روپے تک کردی گئی ہے ، نوجوان اسلامک بنکنگ چینل کے توسط سے بھی اس پروگرام سے مستفید ہوسکتے ہیں ،کامیاب جوان پروگرام کے لیے اڑھائی لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں ،مجموعی طور پر 300ارب روپے کی پاکستان بھر سے درخواستیں ملی ہیں ۔اس موقع پر ایم این اے شیخ راشد شفیق نے بھی خطاب کیا اور کہاکہ وزیر اعظم عمران خان ملکی معیشت کی بہتری کے ٹھوس اقدامات کررہے ہیں جن کے مثبت نتائج ملنا شروع ہوگے ہیں جبکہ کامیاب جوان پروگرام ملکی تاریخ کا بہترین معاشی پروگرام ثابت ہوگا ۔قبل ازیں راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر صبور ملک نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں حکومتی پالیسیوں کو سراہا اور بزنس کی آسانی اور کاروباری فروغ کے اقدامات کے تسلسل کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا ۔گروپ لیڈر سہیل الطاف نے کہاکہ حکومت کی معاشی پالیسیوں کا خیر مقدم کرتے ہیں جبکہ کنسٹرکشن انڈسٹری کے لیے اعلان کردہ پیکج کو بھی سراہتے ہیں تاھم ضرورت اس امر کی ہے کہ تعمیراتی شعبے کے لیے اعلان کردہ پالیسیوں کے عملی اطلاق کے لیے مقامی انتظامیہ کو بھی پابند کیاجائے ۔