غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی منتقلی میں جولائی کے دوران 157فیصد اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک

اسلام آباد ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) جولائی2020ء کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی منتقلی میں 157فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان( ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2020 میں 354.5 ملین ڈالر کے منافع جات بیرون ملک منتقل کئے گئے ہیں جبکہ جولائی 2019 کے دوران منافع جات کی منتقلی کا حجم 138.2 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اس طرح جولائی2019 کے مقابلہ میں جولائی2020 کے دوران پاکستان میں کی گئی غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 216.3 ملین ڈالر یعنی157 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایس بی پی کے مطابق اسی طرح جولائی 2020 میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری پر ادائیگیوں کی شرح میں 168 فیصد اضافہ سے ادائیگیوں کا حجم 126.8 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 340.2 ملین ڈالر تک بڑھ گیا۔ دوسری جانب فارن پورٹ فولیو انویسٹمنٹ پر ادائیگیوں کی شرح11.4 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 14.3 ملین ڈالر تک بڑھی ہے۔ مرکزی بینک نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ کووڈ19- کی عالمی وبا کے قومی معیشت پر منفی اثرات کے باوجود سال 2020 کی دوسری سہ ماہی کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے منافع جات کی شرح بڑھی ہے۔ رپورٹ کے مطابق جولائی 2020 کے دوران فوڈ سیکٹر سے سب سے زیادہ99 ملین ڈالر کے منافع جات کی منتقلی ہوئی ہے جبکہ فنانشل سیکٹر سے 84.5 ملین ڈالر اور کمیونیکیشن سیکٹر سے 61 ملین ڈالر کے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کی گئی ہے۔