قومی معیشت تیزی سے بحالی کی راہ پر گامزن، جولائی اگست میں درمیانی اور طویل مدت کے قرضوں کے حصول میں اضافہ ہوا، سٹیٹ بینک

اسلام آباد ۔ 29 ستمبر (اے پی پی) کووڈ19-کی وبا کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران کے بعد قومی معیشت تیزی سے بحالی کی راہ پر گامزن ہے، رواں مالی سال کے پہلے دو مہینوں کے دوران مختلف شعبوں کی جانب سے درمیانی اور طویل مدت کے قرضوں کے حصول میں اضافہ ہوا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان( ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق جولائی اور اگست2020ء کے دوران رہائشی سہولیات فراہم کرنے والی صنعت( ہوٹلز و دیگر) کی جانب سے قرضوں کے حصول میں 40 فیصد اضافہ ہوا ہے اور اس دوران صنعت کو35.17 ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے ہیں جو گذشتہ مالی سال کے پہلے دو ماہ کے مقابلہ میں10 ارب روپے یعنی 40 فیصد زیادہ رہے ہیں۔ اسی طرح موٹر سائیکلز تیار کرنے والی صنعت کے قرضوں کے حصول میں 12.30 فیصد اضافہ ہوا ہے اور گذشتہ دو ماہ میں شعبہ کو9.35 ارب روپے کے قرضہ جات جاری کئے گئے ہیں جو جولائی اور اگست 2019ء کے مقابلہ میں 1.03 ارب روپے یعنی 12 فیصد سے زیادہ رہے ہیں۔ ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق جون2020ء کے اختتام پر بنیادی ادویات تیار کرنے والی صنعت کے واجب الادا قرضے61 ارب روپے تھے جو دو ماہ کے دوران 73 ارب روپے تک بڑھے ہیں۔ مزید برآں عوام نے پاکستان سٹاک ایکسچینج(پی ایس ایکس) میں مختلف کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری کیلئے جاری مالی سال کے ابتدائی دو مہینوں کے دوران14 ارب روپے کے قرضے حاصل کئے ہیں۔ مرکزی بینک نے کہا ہے کہ معیشت کے مختلف شعبوں میں قرضوں کے حصول میں اضافہ کی شرح ملک میں معاشی، صنعتی اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی کی عکاسی کرتی ہے۔