وزیراعلی کا رات گئے بغیرپروٹوکول ملتان شہر کا دورہ، ناقص صفائی اورسٹریٹ لائٹس کی بندش پر اظہاربرہمی

ملتان ۔ 17 ستمبر (اے پی پی) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے رات گئے بغیر پروٹوکول ملتان کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا۔ملتان کی انتظامیہ بھی وزیراعلی عثمان بزدار کے دورے سے لاعلم رہی ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پرشہر میں صفائی کی خراب صورتحال اور سٹریٹ لائٹس کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں پر برہمی کا اظہار کیا اور حکام سے باز پرس کی۔ وزیراعلی پنجاب نے صفائی کی ابتر صورتحال پر ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ڈپٹی منیجر عثمان خورشید اورانچارج سٹریٹ لایٹس محمد نفیس احمد کو معطل کردیا۔وزیراعلیٰ کے حکم پر چیف آفیسرملتان میٹروپولٹین کارپوریشن کو انکوائری افسر مقرر کردیا گیا۔وزیراعلیٰ نے بوسن روڈ ، ملتان پبلک سکول اور بعض دیگر علاقوں میں کوڑا کرکٹ دیکھ کر سخت ناراضی کااظہارکیااورملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسرسے 2 روز میں تحریری وضاحت مانگ لی ۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کہاکہ ملتان شہر کی صفائی کی ذمہ داری ایم ڈبلیو ایم سی پر عائد ہوتی ہے اوراس سلسلے میںکوتاہی ہرگز برداشت نہیں کروں گا ۔انہوں نے کہاکہ شہر میں صفائی کی صورتحال کا خود جائزہ لیا ہے اور وارننگ کے باوجود بہتری نہ ہونا افسوسناک ہے۔انہوں نے حکم دیا کہ شہر میں سٹریٹ لائٹس کو ترجیحی بنیادوں پر فوری طو رپر درست کیا جائے ۔سٹریٹ لائٹس روشن نہ ہونے سے عوام کو دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن سب انجینئر نفیس احمد اورایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ایم ڈبلیو ایم سی کے ڈپٹی منیجر عثمان خورشید کے خلاف انکوائری کی رپورٹ 2 روز میں پیش کریں گے۔