وزیر اعظم عمران خان کا ہری پور میں پاک آسٹریا فیکوچ شول انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہری پور۔ 17ستمبر(اے پی پی) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے قائد اعظم کے وژن اور علامہ اقبال کے خواب کی عملی تعبیر کے لئے کوشاں ہیں، ملکی ترقی کے لئے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھنا وقت کی اہم ضرورت ہے،خصوصی اقتصادی زون سے ملکی معیشت کو فروغ ملے گا، نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں، ہماری کوشش ہو گی کہ زیادہ وسائل تعلیم کی بہتری پر لگائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ہری پور میں پاک آسٹریا فیکوچ شول انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ انسان کا کام کوشش کرنا ہے، کامیابی اللہ کی ذات دیتی ہے۔ ہم نے ہر شعبے میںآگے بڑھنے کی صلاحیت ہے ہمیں اپنی سوچ بہتر کرنا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی یافتہ بنانے کے لئے قائد اعظم کے وژن اور علامہ اقبال کے خواب کی عملی تعبیر کے لئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ذہنوں کو آزاد کرتے ہوئے ترقی کا راستہ اپنانا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ملکی ترقی کے لئے سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ فیس بک ٹویٹر جیسی بڑی کمپنیوں کے بجٹ ہمارے سالانہ بجٹ سے اربوں ڈالر زیادہ ہوتے ہیں۔ ہمیں سائنس، ٹیکنالوجی اور نالج اکانومی پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔ اس سے ملکی ترقی کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کا دوسرا مرحلہ شروع ہو چکا ہے۔ خیبر پختونخوا میں رشکئی خصوصی اقتصادی زون کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔ خصوصی اقتصادی زون سے ملکی معیشت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا اثاثہ ہیں۔ انسانی وسائل کی ترقی کے لئے تعیم ہر خرچ کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے کے پہلے سال معیشت کو مستحکم کرنے پر توجہ مرکوز کی۔ دوسرے سال کورونا وائرس کی وبا کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث تعلیمی شعبہ پر زیادہ توجہ نہیں دے سکے۔ اب قوم نے فیصلہ کرنا ہے کہ ہم نے تعلیم پرتوجہ مرکوز کرنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسٹ ریکوری یونٹ بدعنوان عناصر سے ریکوری کرتا ہے۔ یہ وصول کی گئی رقم تعلیم پر خرچ کرنے کے لئے قانون سازی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان میں پانچ اور آسٹریا نے تین یونیورسٹیاں قائم کی ہیں۔ خیبر پختونخوا حکومت نے پاک آسٹریا فیکوچ شول انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے قیام کے لئے بھرپور تعاون کیا اور مشکل صورتحال کے باوجود فنڈز فراہم کرنے میں تعاون کیا۔ وقت ثابت کرے گا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے سب سے بہترین کام کیا۔ اس یونیورسٹی کے قیام پر تعاون کرنے پر چین اور آسٹریا کاشکر گذار ہوں۔ اس سے مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔