وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے حطار میں 900 کروڑ روپے کے خطیر فنڈ سے 220 کے وی کے گرڈ سٹیشن کی منظوری دیدی

ہری پور ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب خان نے حطار کے مقام پر 900 کروڑ روپے کی خطیر فنڈنگ سے 220 کے وی اے کے گرڈ سٹیشن کی منظوری دیدی۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے متعلقہ افسران کے ہمراہ مذکورہ جگہ کا اچانک دورہ کر کے جائزہ لیا ہے۔ وفاقی وزیر توانائی، پٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان نے ہری پور حطار کے مقام پر 220 کے وی اے گرڈ سٹیشن کے قیام کی منظوری دی جس کیلئے انہوں نے 900 کروڑ روپے کے خطیر فنڈز رکھے ہیں جبکہ گرڈ سٹیشن کے قیام کیلئے 240 کنال اراضی بھی ایکوائر کر لی گئی ہے۔ وفاقی وزیر عمر ایوب خان نے مذکورہ مقام کا دورہ کیا ہے۔ اس موقع پر چیف این ٹی ڈی سی محمد عارف، ایکسین این ٹی ڈی سی نعیم الرحمن، ایس سی ہزارہ سرکل قاضی طاہر، ایڈیشنل ایس ای سردار ساجد، ایکسین ہری پور عنایت اﷲ و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے جنہوں نے گرڈ سٹیشن کے قیام کے حوالہ سے وفاقی وزیر عمر ایوب خان کو تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر مقامی افراد کی کثیر تعداد بھی موجود تھی جنہوں نے حلقہ میں مذکورہ میگا پراجیکٹ کی منظوری دینے پر وفاقی وزیر عمر ایوب خان کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔