پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا

اسلام آباد ۔ 16 ستمبر (اے پی پی) پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا گیا۔ بدھ کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کی صدارت سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کی۔ اجلاس میں اسلام آباد دارالحکومت علاقہ جات وقف املاک بل 2020ئ، انسداد تطہیر زر (دوسری ترمیم) بل 2020ئ، فن مساحت و نقشہ کشی (ترمیمی) بل 2020ئ، عدالت عالیہ اسلام آباد (ترمیمی) بل 2019ئ، انسداد دہشت گردی (ترمیمی) بل 2020ئ، پاکستان میڈیکل کمیشن بل 2020ئ، میڈیکل ٹربیونل بل 2019ء کی منظوری ، دارالحکومت علاقہ جات معذوروں کے حقوق بل 2020ء کی منظوری دی گئی۔ مشترکہ اجلاس سے وزیراعظم عمران خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اسپیکر نے بھی کہا کہ پورے ایوان کو اہم قانون سازی کرنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ بلوں کی منظوری کے بعد سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کر دیا۔