کورونا وائرس کی وبا کے خلاف عالمی ادارہ صحت کی مہم کیلئے فنڈ کی ضرورت ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔ 11 ستمبر (اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوٹریس نے عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی قیادت میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) کی ویکسین اور اس کے علاج کے کیلئے میڈیکل سائنس کی ترویج کیلئے ”ایکسس ٹو کووڈ۔ 19ٹولز (اے سی ٹی) ایکسیلیریٹر”نامی عالمی مہم کے لئے جلد فنڈ اکٹھا کرنے کی اپیل کی ہے۔عالمی ادارے کے سربراہ نے کووڈ۔ 19 ٹولز ایکسیلیریٹر (اے سی ٹی۔ کونسل کے آغاز کے موقع پر عالمی برادری سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو پہلے کی طرح متحرک ، فعال اور خوشحال بنانے کے لئے ہمیں کووڈ۔19 جیسے عالمی مسئلے کا حال نکالنا ہوگا ، جس کے لئے بڑے پیمانے پر ہمیں فنڈ کی ضرورت ہے۔سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اب تک اس میں 3 ارب ڈالر کا تعاون کیا گیا ہے ، جو اس مہم کو شروع کرنے کیلئے انتہائی ضروری ہے تاہم ہمیں اسے کامیاب بنانے کے لئے 35 ارب ڈالر کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ آئندہ تین ماہ کے اندراس عالمی مہم کیلئے 15ارب ڈالر جمع کرنے ہوں گے جس سے ویکسین اور علاج معالجے کی ترقی کے لئے تحقیقی کام کو مزید آگے بڑھایا جاسکے،اس لئے عالمی برادری کو فوری طور پر اس میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔