اپوزیشن ملک دشمنوں کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان

راولپنڈی۔17اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن ملک دشمنوں کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، پی ڈی ایم کے قائدین نے گوجرانوالہ جلسے میں ریاستی اداروں کو نشانہ بنایا، وہ اداروں کے خلاف توہین آمیز زبان کی مذمت کرتے ہیں، پاک فوج ملک میں امن و استحکام کی ضامن ہے، پی آئی اے کو پرائیویٹائز نہیں کیا جارہا، اللہ کے کرم اور حکومتی اقدامات سے کورونا پر قابو پایا، مہنگائی کے سوا ہمارے تمام اشاریے مثبت ہیں، گزشتہ روز پی ٹی آئی سیکریٹریٹ راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی اور پوری قوم سکیورٹی اہلکاروں کو وطن کے تحفظ کےلئے جانیں دینے پر خراج عقیدت پیش کرتی ہے، محب وطن قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتوں کے قائدین نے گوجرانوالہ جلسے میں ریاستی اداروں کے خلاف غیر مناسب زبان استعمال کی، اپوزیشن یہود و ہنود کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہے، ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازشیں ناکام ہوں گی، ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز شریف اشتہاری ہیں اور بانی ایم کیو ایم کا کردار ادا کر رہے ہیں، ان کی واپسی کےلئے تمام قانونی ذرائع استعمال میں لائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ ہمارے لئے نواز شریف یا پی ڈی ایم کے جلسے چیلنج نہیں بلکہ مہنگائی اور بے روزگاری چیلنج ہے، انہوں نے کہا کہ عوام کو ضروریات زندگی وافر مقدار میں مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، اس سلسلے میں ہماری نیت صاف ہے اور بہت جلد مہنگائی و بے روزگاری پر قابو پا لیں گے، انہوں نے کہا کہ کرپشن ایک ناسور ہے، ہم اداروں کو مضبوط بنانے کےلئے کوشاں ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سال نئی پالیسیاں لا رہے ہیں جس سے گندم کی پیداوار میں اضافہ ہو گا، چینی کے مافیا کو بھی قابو پانے کی کوشش کی جارہی ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی نجکاری نہیں کی جارہی، جعلی ڈگری میں 17پائلٹس فارغ کئے گئے جبکہ جعلی لائسنس کی مکمل جانچ پڑتال کے بعد 262 پائلٹس کو معطل کیا گیا۔