جنوبی اوروسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی برآمدات اوران ممالک سے درآمدات میں کمی

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):جنوبی اوروسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستانی برآمدات اوران ممالک سے درآمدات میں جاری مالی سال کے دوران کمی ریکارڈکی گئی ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکراگست 2020 تک کی مدت میں جنوبی اوروسطی ایشیائی ریاستوں افغانستان، بنگلہ دیش، بھارت،ایران، سری لنکا اوردیگرعلاقائی ممالک کو پاکستانی برآمدات کا حجم 248.73 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں کم ہے، گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک کوپاکستانی برآمدات کا حجم 371.52 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔اس عرصہ میں افغانستان کو123.75 ملین ڈالر، بھارت کو0.512 ملین ڈالر، بنگلہ دیش کو85.88 ملین ڈالر، اورسری لنکاکو 28.77 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈ کی گیئں۔گذشتہ مالی سال میں ان ممالک کو پاکستان کی برآمدات کا مجموعی حجم 2.054 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے دوماہ میں ان ممالک سے درآمدات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ جولائی سے لیکراگست 2020 تک کی مدت میں جنوبی اوروسطی ایشیائی ریاستوں افغانستان، بنگلہ دیش، بھارت،ایران، سری لنکا اوردیگرعلاقائی ممالک سے درآمدات کا حجم 64.79 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا، گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ان ممالک سے درآمدات کا حجم 225.22 ملین ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔