جے سی سی کے آئندہ اجلاس میں چین کے ساتھ ڈی آئی خان ۔ ژوب ہائی وے منصوبے کی فنڈنگ کے حوالے سے بات ہوگی،وفاقی وزیر اسد عمر

اسلام آباد۔15اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ جے سی سی کے آئندہ اجلاس میں چین کے ساتھ ڈی آئی خان ۔ ژوب ہائی وے منصوبے کی فنڈنگ کے حوالے سے بات کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا جس میں اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے مابین سی پیک کے تحت ہونے والے مجوزہ جے سی سی اجلاس پر مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں منصوبہ بندی، مواصلات اور خارجہ امور کے سیکریٹریز سمیت چیئرمین سی پیک اتھارٹی، سی پیک کے تحت مختلف شعبوں پر قائم ورکنگ گروپس کے سربراہان نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر کو مجوزہ جے سی سی اجلاس کے ایجنڈے پر بریفنگ دی گئی۔ اسد عمر نے کہا کہ اجلاس میں سوات ایکسپریس وے فیز ٹو، پشاور، ڈی آئی خان موٹر وے سمیت گریٹر پشاور ماس ٹرانزٹ کے نئے منصوبے شامل کرنے پر بات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت صنعتی تعاون بڑھے گا۔ خصوصی اقتصادی زونز میں چینی سرمایہ کاری آئے گی جس سے بڑے پیمانے پر پاکستان میں چینی ٹیکنالوجی منتقل ہوگی۔ اجلاس میں رشکئی، دھابیجی اور علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی، فیصل آباد اقتصادی زون پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔