سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی زیر صدارت زرعی مصنوعات کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکی زیر صدارت زرعی مصنوعات کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ جمعرات کو ہونے والے اجلاس میں تمباکو کی پیداواری لاگت، پاکستان تمباکو بورڈ میں کاشتکاروں کی نمائندگی اور تمباکو کو فصل کا درجہ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کاشتکاروں کے نمائندگان نے سپیکر اسد قیصر کو تمباکو کی پیداواری لاگت، تمباکو کی قیمت اور کاشتکاروں کو درپیش دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔ سپیکر اسد قیصر نے وزارت برائے قومی تحفظ خوراک و تحقیق اور پاکستان تمباکو بورڈ کے ممبران کو تمباکو کے کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کےلئے اپنی سفارشات آئندہ اجلاس میں پیش کرنے کی ہدایت کی۔