مضبوط محفوظ اور خوشحال پاکستان ہماری منزل ہے، نواز شریف اپنے بیانات سے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں‘ غلام سرور

اسلام آباد۔18اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ہو ابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ سیاست کوعبادت سمجھتے ہیں ،کروڑوں روپے کی لاگت کے منصوبے مکمل کر رہے ہیں باقی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے، مہنگائی پر قابو پانے کے لئے حکمت عملی وضع کر لی گئی ہے، مضبوط محفوظ اور خوشحال پاکستان ہماری منزل ہے ، نواز شریف اپنے وطن دشمن بیانات سے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں، ان کی قسمت اچھی ہے کہ ابھی تک ادارے ان کے خلاف کو ئی ایکشن نہیں لے رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو ملک آباد وارڈ نمبر 9 ٹیکسلا میں گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح کے موقع پر جلسہ سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کے دوارن کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے علاقے کے لئے گیس کی فراہمی کے منصوبے کا افتتاح بھی کیا، رکن قومی اسمبلی منصور حیات خان اور رکن صوبائی اسمبلی پنجاب عمار مسعود بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیر ہوابازی نے کہا کہ کروڑوں روپے کی خطیر رقم سے یہ منصوبے مکمل کئے جارہے ہیں۔ہماری نیت صاف ہے اور سیاست عبادت سمجھ کر کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہو کر اس علاقے کی تعمیرو ترقی جاری رکھیں گے، یقین دلاتا ہوں آپ کے باقی مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے اور عوام کے اعتماد پر پورا اترنے کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔ غلام سرور خان نے کہا کہ مضبوط محفوظ اور خوشحال پاکستان ہماری منزل ہے، اس ملک کی بقا اور سالمیت کے لئے اپنے خون کے آخری قطرہ تک بہا دیں گے،یہ ملک ہے تو ہم ہیں اس کے اداروں کو مضبوط بنانا ہوگا۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پور ی دنیا دیکھ لیں اس ملک جیسی نعمتیں پوری دنیا میں کہیں نہیں ملتیں۔ملک کے اندر کالی بھیڑوں کو پہچانیں اور ان ملک دشمن عناصر کو ناکام بنانے میں اتفاق و اتحاد سے کام لیں۔ غلام سرور خان نے کہا کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، مہنگائی پر قابو پانے کے لئے جامع حکمت عملی طے کر رہے ہیںِ، آنے والا وقت پہلے سے بہتر ہوگا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر آنے والے دنوں میں نواز شریف اپنے وطن دشمن بیانات سے غداری کے مرتکب ہو رہے ہیں ۔ یہ ان کی قسمت اچھی ہے کہ ابھی تک ادارے ان کے خلاف کو ئی ایکشن نہیں لے رہے۔