ٹیم لیڈرز کی حیثیت سے میں اور شاداب اپنی فٹنس سے باقی کھلاڑیوں کے لیے مثال بننا چاہتے ہیں، کپتان بابراعظم

لاہور۔24اکتوبر (اے پی پی):پاکستان وائٹ بال کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم اور نائب کپتان شاداب خان نے جارحانہ اور مثبت حکمت عملی کے ساتھ میدان میں اترنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ دونوں کھلاڑی پہلی مرتبہ ایک روزہ کرکٹ فارمیٹ میں یہ ذمہ داریاں نبھائیں گے۔ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان شیڈول تین ون ڈے میچز 30 اکتوبر، یکم اور تین نومبر کو راولپنڈی میں کھیلے جائیں گے۔ تینوں میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ سپر لیگ کا حصہ ہیں، جو کہ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ 2023 کا کوالیفائنگ راﺅنڈ بھی ہے۔اس سلسلے میں مقامی ہوٹل میں تبادلہ خیال کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور نائب کپتان نے سیریز میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے واضح کیا کہ جس طرح کھیل میں جدت آرہی ہے، اس کی رفتار بڑھتی جارہی ہے، لہٰذا ہمیں مثالی فٹنس قائم کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بطور کپتان اور نائب کپتان ہمیں اپنی فٹنس سے دوسروں کے لیے مثال قائم کرنی ہے۔