پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار سے ملاقات میں گفتگو

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے وفد کے ہمراہ پیر کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ملاقات کےدوران پاک افغان دو طرفہ تعلقات، افغانستان میں قیام امن کے لیے جاری بین الافغان مذاکرات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ ء خیال کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار اور ان کے وفد کو وزارت خارجہ آمد پر خوش آمدید کہا جبکہ حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان، کو ہم اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے کا امن و استحکام، افغانستان میں مستقل امن سے مشروط ہے۔پاکستان، خلوص نیت کے ساتھ افغان امن عمل میں اپنا مصالحانہ کردار ادا کر رہا ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے واضح طور پر کہا تھا کہ افغان مسئلے کے دیرپا حل،کا واحد راستہ، افغان قیادت کو قابل قبول سیاسی مذاکرات ہیں ۔ہمیں خوشی ہے کہ آج عالمی سطح پر ، پاکستان کے موقف کو سراہا جا رہا ہے ۔وزیر خارجہ نے کہا کہ بین الافغان مذاکرات، کی صورت میں افغان قیادت کے پاس، افغانستان میں امن کی بحالی کا ایک نادر موقع ہے ۔ پاکستان، افغانستان سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھے گا۔ سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی ایمبیسڈر محمد صادق بھی اس موقع پر موجود تھے۔حزب اسلامی افغانستان کے سربراہ گلبدین حکمت یار کا یہ دورہ، پاکستان اور افغانستان کے درمیان وسیع تر دو طرفہ روابط کے فروغ کیلئے کی جانے والی کاوشوں کا اہم حصہ ہے۔