پاکستان نے آرمینیا کے وزیراعظم کے بے بنیاد الزامات کو یکسر مسترد کردیا ،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد۔17اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے آرمینیا کے وزیراعظم کے بے بنیاد الزامات کو یکسر مسترد کردیا ہے جس میں جاری تنازعے میں پاکستان کی خصوصی فورسز پر آذربائیجان کی فوج کا ساتھ دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ہفتہ کو ترجمان دفتر خارجہ ایک بیان میں کہا کہ آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے اس معاملے پر بھی اپنا موقف واضح کیا ہے کہ آذربائیجان کی افواج اپنے وطن کے دفاع کیلئے کافی ہیں اور انہیں غیر ملکی افواج کی مدد درکار نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ آرمینیا کی قیادت آذربائیجان کے خلاف اپنے غیر قانونی اقدامات پر پردہ ڈالنے کے لئے غیر ذمہ دارانہ پراپیگنڈہ کر رہی ہے جسے روکا جانا چاہئے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان طویل المعیاد امن اور معمول کے تعلقات کی بحالی کا انحصار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عملدرآمد اور آذربائیجان کی علاقائی حدود سے آرمینیا کی فوج کے انخلاء پر ہے۔