ہماری آرمی ہے تو ہمارا دفاع ہے، شہباز گل

گوجرانوالہ۔18اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی شہبازگل نے گوجرانوالہ میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو دن پہلے گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم کی سرکس ہوئی ‘جلسے کا اسٹیج سیکرٹری بڑا معصوم بناہوا تھا‘فاطمہ جناح کے ساتھ جو بد سلوکی کی گئی یہ ان کے والد کی طرف سے تھی،آج جس جگہ ہم پریس کانفرس کررہے ہیں یہاں پر خرم دستگیر خان کا جعلی پیٹرول پمپ تھا،2008 میں اس پمپ کا این او سی لیاگیا اورہائی وے کی پراپرٹی پر جعلی این او سی حاصل کیاگیاتھا۔ شہباز گل نے مزید کہا کہ خرم دستگیرخان ابھی بھی سوئی سدرن گیس کا نادہندہ ہے، جبکہ ان کی لیڈر مریم نواز نااہل اور دو کالجزسے فیل ہوئی۔خرم دستگیرخان نے کروڑوں روپے گیس کابل آج بھی ادا نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جو پہلے وزیر اعظم اور وزیر اعلی بنتے اپنے تعلقات بناتے تھے،نوازشریف کے چار آرمی چیف کے ساتھ مسئلے بنے‘متعددچیف جسٹس بھی ان کو پسندنہ آئے۔بہو ہی بری ہے ساس کیا بہت شریف تھی۔اس کو خط لکھیں گے کہ آپ کو جھوٹوں کا ایوارڈ دیاجائے۔ شہباز گل نے کہا کہ ہماری آرمی ہے تو ہمارا دفاع ہے، پوری آرمی ایک تسبیح میں پروئی ہے۔ہماری بیٹیوں اور بہنوں کے ہاتھوں سے مہندی نہیں اتری اور ان کے خاوند شہید ہوگئے،نواز شریف کے بیان پر بھارتی میڈیانے کہا آرمی پاکستان میں ظلم کرتی ہے۔