حافظ طاہر محمود اشرفی نے پشاور اور ننکانہ صاحب میں اقلیتی افراد کے قتل کی مذمت کی

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مشرق وسطی اور پاکستان علما کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے پشاور اور ننکانہ صاحب میں اقلیتی افراد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام علماء اسلام اس بات پر متفق ہیں کہ کسی بھی انسان کا قتل قرآن حکیم کے حکم کے مطابق پوری انسانیت کا قتل ہے اور اگر کوئی جرم کرتا ہے تو اس جرم کی سزا دینا حکومت اور عدلیہ کا کام ہے نہ کہ کسی فرد، گروہ یا جماعت کا۔ ہفتہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے حکم پر پشاور اور ننکانہ صاحب میں قتل کے ان واقعات کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی فرد، گروہ یا جماعت کو ملک کے اندر قتل و غارت اور فساد کی اجازت نہیں دی جائے گی۔