خیبر پختونخوا کے عوام نے جلسے کا بائیکاٹ کر کے ثابت کیا کہ وہ سیاسی بصیرت رکھنے والے باشعور لوگ ہیں ،عدالتی حکم کے باوجود پی ڈی ایم کا جلسوں پر اصرار ان کی ڈھٹائی اور عوام دشمنی کا عکاس ہے،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فرازکا ردعمل

اسلام آباد۔22نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے غیور عوام نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کا بائیکاٹ کر کے ثابت کیا کہ وہ سیاسی بصیرت رکھنے والے باشعور لوگ ہیں جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عدالتی حکم آنے کے باوجود اپوزیشن کا جلسوں پر اصرار ان کی ڈھٹائی اور عوام دشمنی کا عکاس ہے۔ اتوار کو پی ڈی ایم جلسے پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا عوام نے وزیراعظم عمران خان کی اپیل پر نہ صرف خود کو کورونا سے محفوظ رکھا بلکہ پی ڈی ایم کے عوام دشمن ایجنڈے کو بھی ناکام بنا دیا، جلسے میں لوگوں کی کم دلچسپی اور شرکت خیبرپختونخوا کے عوام کا اپوزیشن پر عدم اعتماد کا واضح اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا ایک حقیقت ہے، افسانہ نہیں، عدالتی حکم آنے کے باوجود اپوزیشن کا جلسوں پر اصرار ان کی ڈھٹائی اور عوام دشمنی کا عکاس ہے۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے قانون کے احترام اور عوام کی صحت کے بجائے ہمیشہ اپنی ذات کو ترجیح دی، جلسے کے شرکاءسے کہتا ہوں کہ خود کو قرنطینہ کر لیں، اپنا بھی خیال رکھیں اور دوسروں کو بھی وبا سے محفوظ رکھیں۔