نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کے خواہاں ہیں، عادل الجبیر

ریاض۔21نومبر (اے پی پی):سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ ان کا ملک نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کا خواہاں ہے۔امریکی نیوز چینل سی این این کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے واضح کیا کہ اس بات سے قطع نظر کہ وہ ریپبلکنز ہیں یا ڈیموکریٹس سعودی عرب تمام امریکی حکومتوں کے ساتھ تعاون کرتا ہے۔عادل الجبیر کے مطابق منتخب امریکی نومنتخب صدر جو بائیڈن سیاست کے میدان میں بڑا اور وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ وہ 35 برس تک سینیٹ میں رہے اور پھر نائب صدر کے منصب پر بھی کام کیا۔الجبیر نے توقع ظاہر کی ہے کہ امریکہ کی خارجہ پالیسی میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں آئے گی۔عادل الجبیر نے مزید کہا کہ خطے اور پوری دنیا میں سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان بہت سے امور کے متعلق مفادات ہیں، بالخصوص عالمی معیشت، تیل کی منڈیوں کا استحکام، توانائی کا امن اور شدت پسندی و دہشت گردی کے خلاف جنگ اہم ترین ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ جہاں تک عالم اسلام کا تعلق ہے تو سعودی عرب اس کے لیے کنجی کی حیثیت رکھتا ہے۔