وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی طاہر اشرفی کی کابل میں راکٹ حملوں پر مذمت

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی مشرق وسطیٰ اور پاکستان علماءکونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے کابل میں راکٹ حملوں کی مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت، عوام، سیاسی، عسکری اور مذہبی قیادت کابل میں ہونے والے راکٹ حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے اور جاں بحق ہونے والوں کے لئے تعزیت اور زخمیوں کی صحت یابی کے لئے دعا اور لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان کے امن کو پاکستان کا امن سمجھتا ہے اور افغانستان اور پاکستان کے امن کے خلاف سازشیں کرنے والوں سے ہم سب نے مل کر مقابلہ کرنا ہے۔ افغانستان میں امن کیلئے کی جانے والی کوششوں کو روکنے کے لئے اس طرح کے حملے کئے جا رہے ہیں لیکن انشاءاﷲ افغانستان میں امن کا عمل مکمل ہوگا اور پاکستان اور افغانستان میں امن قائم ہوگا۔