پاکستان کی کابل شہر پر راکٹ حملوں کی شدید مذمت

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):پاکستان نے افغانستان کے دارلحکومت کابل شہر پر ہفتہ کو راکٹ حملوں کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں کئی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے دہشت گرد حملے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔ترجمان نے کہا کہ ایسے وقت میں جب کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے افغان امن عمل میں تیزی سے پیشرفت ہو رہی ہے تو یہ ضروری ہے کہ ہمیں امن خراب کرنے والوں سے ہوشیار رہنا ہوگا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستا ن ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کا اعادہ کرتا ہے۔ ہم افغانستان اور افغان عوام سے مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کرتے ہیں۔