چین کی عالمی سطح پر کووِڈ-19 کی ویکسین کے ضمن میں تعاون بڑھانے کی پیش کش

بیجنگ۔22نومبر (اے پی پی):چینی صدر شی جی پنگ نے کہا ہے کہ چین عالمی سطح پر کووِڈ-19 کی ویکسین کی تیاری وتقسیم کے ضمن میں تعاون بڑھانے کو تیار ہے،انھوں نے مسافروں کی بلاروک نقل وحرکت سے متعلق پالیسیوں میں بہتر بین الاقوامی روابط کی ضرورت پر زوردیا ہے۔ جی 20 کی ریاض میں منعقدہ ورچوئل سربراہ کانفرنس میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتےانھوں نے کہا کہ چین ایک ایسے میکانزم کے قیام کی تجویز پیش کرے گا جس کے تحت مسافروں کے کسی ایک ملک میں کیے گئے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کو ڈیجیٹل ہیلتھ کوڈز کے ذریعے بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا جائے۔چین کورونا وائرس کی ویکسینوں کی تحقیق ، تیاری ، پیداوار اور تقسیم کے لیے دوسرے ممالک کے ساتھ تعاون مضبوط بنانے کو تیار ہے۔چینی صدرنے کہا کہ ہم اپنے وعدوں کو پورا کرنے کو تیار ہیں،دوسرے ترقی پذیر ممالک کو مدد ومعاونت کی پیش کش کرتے ہیں،ہم ویکسینوں کو ایک عوامی چیز بنانے کے لیے سخت جدوجہد کررہے ہیں تاکہ تمام ممالک کے شہری اس کو استعمال کرسکیں اور یہ ارزاں دستیاب ہو۔