کشمیر کے عوام نے پی ٹی آئی کے امیدواروں پر اعتماد کا اظہار کیا اور پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو مسترد کر دیا ہے،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

اسلام آباد۔25جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر میں حکومت بنانے جا رہی ہے، کشمیر کے عوام نے پی ٹی آئی کے امیدواروں پر اعتماد کا اظہار کیا اور پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کو مسترد کر دیا ہے، ہم نے پرامن انداز میں آزاد جموں وکشمیر کے انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے ایف سی اور فوج کو بھی تعینات کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں پر اعتماد کرتے ہوئے ان ووٹ دینے پر آزاد جموں و کشمیر کے عوام کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن جماعتیں کشمیر مخالف بیانیہ کے باعث آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں زیادہ نشستیں حاصل کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہم نے اپوزیشن جماعتوں کی ہدایت اور درخواست پر آزاد جموں و کشمیر میں پرامن انتخابات کے انعقاد کے لئے وہاں ایف سی اور فوج کو بھی تعینات کیا ہے، اس کے علاوہ پولیس اور دیگر سیکورٹی اداروں کی بھی معاونت لی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور یورپین یونین سمیت تمام بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بہتر انداز میں اجاگر کیا ہے، وزیراعظم عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیر کے سفیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) برسر اقتدار رہ چکی ہیں لیکن ان دونوں جماعتوں نے اپنے ادوار حکومت کے دوران کشمیر اور کشمیری عوام کے لئے کچھ نہیں کیا۔